لاہور: مبینہ زہریلی چائے پینے سے 7 سالہ بچہ جاں بحق، پھوپھو کی حالت تشویشناک
بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے میو اسپتال منتقل، اہل خانہ کے بیانات قلمبند
لاہور: مبینہ زہریلی چائے پینے سے 7 سالہ بچہ جاں بحق، پھوپھو کی حالت تشویشناک
لاہور: شہر کے علاقے ہئیر میں مبینہ طور پر زہریلی چائے پینے سے 7 سالہ بچہ جاں بحق جبکہ اس کی پھوپھو کی حالت تشویشناک ہوگئی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے بچے کے نانا، نانی اور والد کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس کے مطابق قصور سے تعلق رکھنے والا بچہ فیصل علی اپنی والدہ کے ہمراہ ہئیر کچی آبادی میں اپنے نانا کے گھر آیا ہوا تھا، جہاں نانا نے چائے بنائی۔ چائے پینے کے بعد بچے کی پھوپھو امہ احمد کی طبیعت بگڑ گئی، جس کے بعد بچے نے بھی اسی چائے کو پی لیا۔ دونوں بے ہوش ہوگئے۔
دونوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 7 سالہ فیصل علی دم توڑ گیا جبکہ اس کی پھوپھو جنرل اسپتال میں تشویشناک حالت میں زیرِ علاج ہیں۔ بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے میو اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او ہئیر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے سسر جاوید، ان کی اہلیہ اور بچے کے والد کو حراست میں لے کر اہل خانہ کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں چائے میں مبینہ طور پر زہریلی چیز ملائے جانے کا شبہ ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم بھی طلب کرلی گئی ہے۔
ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور کسی بھی پہلو کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔ حقائق سامنے لا کر ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔