نیویارک کے علاقے بروکلین میں عمارت منہدم، 4 افراد جاں بحق اور 19 زخمی
ریسکیو آپریشن جاری، مین ہٹن میں خطرے کے پیش نظر عمارتیں خالی کرا لی گئیں
نیویارک کے علاقے بروکلین میں عمارت منہدم، 4 افراد جاں بحق اور 19 زخمی
امریکا کی ریاست نیویارک کے علاقے بروکلین میں ایک 3 منزلہ عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 19 زخمی ہو گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق حادثے کے بعد جائے وقوعہ پر بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس میں 250 سے زائد امدادی اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ عمارت کے منہدم ہونے سے قبل ایک زور دار دھماکے جیسی آواز سنی گئی تھی، تاہم حکام نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کی شناخت تاحال ظاہر نہیں کی گئی۔
دوسری جانب نیویارک کے مصروف ترین علاقے مڈ ٹاؤن مین ہٹن میں ایک اور بلند و بالا عمارت کے گرنے کے شدید خطرے کے پیشِ نظر اسرائیلی قونصل خانے اور ایک اسکول سمیت آس پاس کی کئی عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 1970 کی دہائی میں تعمیر ہونے والی اس کمرشل عمارت کو ان دنوں پرتعیش رہائشی اپارٹمنٹس میں تبدیل کیا جا رہا تھا، جس کے دوران بلڈنگ کے ڈھانچے کے کئی حصے کمزور ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق مڈ ٹاؤن مین ہٹن کی اس فلک بوس عمارت کے ستونوں میں اچانک خم پیدا ہو گیا ہے اور اس کی اینٹیں گرنا شروع ہو گئی ہیں۔ عمارت کا ایک بڑا بیم گرنے کے بعد حفاظتی اقدامات کے تحت اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کو جانے والے تمام راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔