امریکی ایوانِ صدر ‘وائٹ ہاؤس’ کے قریب فائرنگ، 4 افراد زخمی، علاقہ سیل
سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ،ٹریفک کی آمد و رفت معطل ،سیکیورٹی ہائی الرٹ
فوٹو امریکی میڈیا
واشنگٹن: امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں واقع صدارتی رہائش گاہ وائٹ ہاؤس کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں 4 افراد زخمی ہو گئے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سیل کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اور مقامی پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ وائٹ ہاؤس کے قریبی علاقے لوگن سرکل میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں چار شہری گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔ اطلاع ملتے ہی سیکرٹ سروس، مقامی پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد وائٹ ہاؤس کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے متاثرہ علاقے کو مکمل طور پر سیل کر کے ٹریفک کی آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔
تاحال فائرنگ کی وجوہات اور حملہ آوروں کی شناخت کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم سیکیورٹی اداروں نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور قریبی عمارتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔