بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آپریشن، 74 خوارج ہلاک،آئی ایس پی آر
دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔
کرم میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی،31 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے،آئی ایس پی آر
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 74 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کیے گئے جبکہ اسلحہ، گولہ بارود اور بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان میں ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں 3 نومبر سے انٹیلی جنس بنیادوں پر سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا اور مختلف جھڑپوں کے بعد 31 بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں بھی دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا دائرہ میر علی اور اورکزئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں 35 جبکہ اورکزئی میں 8 خوارج مارے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والے مواد میں دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میر علی اور اورکزئی میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہیں تاکہ ان علاقوں میں موجود دیگر دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ اس کا مقصد ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہے۔