بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات مسترد کر دیے

اس منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا اور وہ گزشتہ آٹھ برس سے یہی مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔

November 13, 2026 · اسپورٹس
بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات مسترد کر دیے

بال ٹیمپرنگ اسکینڈل، پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کے الزامات مسترد کر دیے

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے سابق ساتھی کھلاڑی عثمان خواجہ کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور غلط قرار دے دیا ہے۔

پیٹ کمنز نے سڈنی میں 68 منٹ طویل پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اگر عثمان خواجہ کا مطلب یہ ہے کہ پوری ٹیم کو معلوم تھا کہ سینڈ پیپر میدان میں استعمال ہونے والا ہے تو یہ بات بالکل غلط ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انہیں اس منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا اور وہ گزشتہ آٹھ برس سے یہی مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں۔

عثمان خواجہ نے اپنی حال ہی میں شائع ہونے والی خودنوشت کتاب میں الزام عائد کیا تھا کہ 2018 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی بال ٹیمپرنگ منصوبے سے آگاہ تھے اور انہیں اس معاملے کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے تھی۔

کمنز نے کہا کہ خواجہ ان کے دوست ہیں، تاہم کتاب میں ان کے اور دیگر کھلاڑیوں کی ساکھ سے متعلق غیر ذمہ دارانہ باتیں کی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ خواجہ کو اپنی کہانی بیان کرنے کا حق دیتے ہیں، لیکن ہر شخص کو اپنے بیانات اور اقدامات کی ذمہ داری بھی قبول کرنی چاہیے۔

2018 کے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کے واقعے کے بعد اسٹیو اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کو ایک، ایک سال جبکہ کیمرون بینکرافٹ کو 9 ماہ کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ کمنز نے ان سزاؤں کو سخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ٹیم کی جانب سے کسی مشترکہ منصوبے یا اس حوالے سے ہونے والی میٹنگ کا علم نہیں تھا۔

دوسری جانب ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کے مطابق یہ تحقیقات درست انداز میں نہیں کی گئیں۔ اس تنازع نے آٹھ سال بعد ایک بار پھر آسٹریلوی کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ اسکینڈل اور اس وقت کی تحقیقات پر بحث چھیڑ دی ہے۔