بلوچستان کے ضلع چاغی میں سونے اور تانبے کے اہم ذخائر دریافت
اہم پیش رفت، ریکوڈک کے قریب نئے ذخائر ملے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کر دیا گیا۔
بلوچستان کے ضلع چاغی میں سونے اور تانبے کے اہم ذخائر دریافت
کوئٹہ (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع چاغی میں معدنیات کی تلاش کے دوران سونے اور تانبے کے نئے اور اہم ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔ یہ اہم دریافت ماڑی انرجیز کی ذیلی کمپنی ماڑی منرلز کی جانب سے ایسٹ سیاہ ڈیک کے علاقے میں عمل میں لائی گئی ہے۔
دستاویزات اور جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، یہ نئی دریافت معروف ریکوڈک منصوبے سے 50 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ ماری منرلز نے دو مراحل میں 25000 میٹر ڈرلنگ کا کام مکمل کیا ہے، جس کے دوران 500 میٹر گہرائی تک تانبے کے ذخائر کی نشاندہی کی گئی ہے۔ یہ تمام معدنی ذخائر تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ ذخائر کے نمونوں کی جانچ کے لیے آسٹریلیا کی کمپنی کو ارسال کر دیے گئے ہیں جبکہ معدنی ذخائر کا جائزہ اور تیکنیکی منظوری جون موریٹائمر جیو سائنسز سے لی گئی ہے۔ اگلے مرحلے میں 1000 میٹر گہرائی تک مزید ڈرلنگ کی جائے گی اور دوسرے مرحلے کی ڈرلنگ کے لیبارٹری نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہیں۔
کمپنی کے مطابق ان معدنی ذخائر کے حجم اور ان کی معاشی اہمیت کا حتمی تعین کرنے کے لیے مزید تحقیق اور کام جاری ہے۔ اس تمام پیش رفت سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔