امریکا غیر قانونی کارروائیاں بند کرے اور جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرے، ایرانی وزیر خارجہ
عالمی قوانین کی خلاف ورزی، ایران نے اقوام متحدہ اور آئی اے ای اے کو خط لکھ دیا
امریکا غیر قانونی کارروائیاں بند کرے اور جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرے، ایرانی وزیر خارجہ
تہران (نیوز ڈیسک) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ امریکا فوری طور پر اپنی غیر قانونی کارروائیاں بند کرے اور تمام جنگی نقصانات کا ہرجانہ ادا کرے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق انہوں نے یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ ایران پر امریکی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت ایران کو اپنے دفاع کا بھرپور حق حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی کے لیے امریکا کو سلامتی کونسل کی کوئی اجازت حاصل نہیں تھی اور ممکنہ خطرات کے خدشے کی آڑ میں طاقت کا استعمال کسی بھی طرح جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔
دریں اثنا، ایران نے جوہری معلومات فراہم کرنے پر 2 کروڑ ڈالر انعام دینے کے امریکی اعلان پر سنجیدہ تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کو باضابطہ خط لکھ دیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکی محکمہ خارجہ نے گزشتہ ہفتے ایران کے جوہری پروگرام کی معلومات دینے پر 2 کروڑ ڈالر انعام کا اعلان کیا تھا، جس کے جواب میں اب تہران نے عالمی اداروں سے رابطہ کیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے عالمی اداروں کو ارسال کردہ خط میں اس امریکی اقدام کی شدید مذمت کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ امریکی پیشکش کے تحت معلومات فراہم کرنے والے افراد کو 2 ملین ڈالر انعام کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر کسی دوسرے مقام پر منتقل ہونے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اس امریکی پیشکش سے ملک میں جاسوسی اور تخریب کاری کے خطرات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے، اور اس کے نتیجے میں ایرانی جوہری تنصیبات سے وابستہ سائنسدانوں اور عملے کو نشانہ بنائے جانے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے آئی اے ای اے کے حفاظتی نگرانی کے نظام کی ساکھ بھی شدید متاثر ہوگی۔ ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل اس معاملے پر امریکا کو جواب دہ ٹھہرائیں، جبکہ بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کو بھی چاہیے کہ وہ اس سنگین معاملے کو فوری طور پر اپنے بورڈ آف گورنرز کے سامنے اٹھائے۔