لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی سزا کالعدم قرار دے دی

آئین کا آرٹیکل 10-A، جرح کا حق لازمی ہے، مقدمہ دوبارہ ٹرائل کے لیے بھیج دیا گیا

November 14, 2026 · جرم وسزا
لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی سزا کالعدم قرار دے دی

لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ملزم کی سزا کالعدم قرار دے دی

لاہور ہائیکورٹ نے اقدام قتل کے ایک مقدمے میں اہم فیصلہ دیتے ہوئے ملزم کی سزا کالعدم قرار دے دی ہے اور مقدمہ دوبارہ ٹرائل کے لیے ماتحت عدالت کو بھجوا دیا ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ استغاثہ کے گواہوں پر جرح کا مؤثر موقع دیے بغیر کسی بھی ملزم کی سزا برقرار نہیں رکھی جا سکتی۔

جسٹس غلام سرور نہنگ نے 11 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس کے مطابق ملزم دوران ٹرائل جیل میں تھا اور استغاثہ کے گواہوں کے بیانات اس کے وکیل کی عدم موجودگی میں قلمبند کیے گئے، جبکہ ان گواہوں پر جرح نہیں کی گئی تھی۔ عدالتی فیصلے کے مطابق ٹرائل کورٹ نے یہ تعین نہیں کیا تھا کہ آیا ملزم نے جرح کے حق سے باخبر اور رضاکارانہ طور پر دستبرداری اختیار کی تھی یا نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 10-A کے تحت ہر ملزم کو منصفانہ ٹرائل اور مؤثر دفاع کا بنیادی حق حاصل ہے، اور کسی بھی ملزم کو گواہوں پر جرح کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پنجاب لیگل ایڈ ایکٹ 2018 کے تحت اگر کوئی مستحق ملزم خود وکیل کرنے کی استطاعت نہیں رکھتا، تو یہ عدالت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسے قانونی معاونت حاصل کرنے کے حق سے آگاہ کرے۔ ٹرائل کورٹ نے ملزم کی مالی حیثیت کا جائزہ لینے اور اسے قانونی معاونت کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے تقاضے پورے نہیں کیے تھے۔

دستاویز کے مطابق ملزم عرفان عرف کالا کو ٹرائل کورٹ نے 20 اپریل 2024 کو دفعہ 324 اور 337-A(iv) تعزیرات پاکستان کے تحت 7، 7 سال قید اور جرمانوں کی سزا سنائی تھی، جبکہ دفعہ 337-D کے تحت بھی 7 سال قید اور 14 لاکھ 39 ہزار 508 روپے ارش ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ زخمی محمد رمضان کو 6 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔ ایڈیشنل سیشن جج خانیوال نے 25 جون 2024 کو ملزم کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سزا برقرار رکھی تھی، جس کے خلاف ملزم نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ اور اپیلیٹ کورٹ کے فیصلے کالعدم قرار دیتے ہوئے مقدمہ استغاثہ کے شواہد ریکارڈ کرنے کے مرحلے سے دوبارہ ٹرائل کے لیے بھجوا دیا۔ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ ملزم کو اپنی پسند کا وکیل مقرر کرنے کا مناسب موقع دیا جائے اور غیر ضروری التوا سے گریز کرتے ہوئے مقدمے کی جلد تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔