لکی مروت میں دو سالہ بچے کے قتل کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار
اہم پیشرفت، پولیس نے اعتراف جرم پر ریمانڈ لے لیا، تفتیش جاری ہے
لکی مروت میں دو سالہ بچے کے قتل کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار
لکی مروت میں دو ہفتے قبل قتل ہونے والے 2 سالہ بچے سہیل خان کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق وانڈہ شہاب خیل میں پیش آنے والا یہ واقعہ پولیس کے لیے ایک ٹیسٹ کیس کی حیثیت رکھتا تھا، جس کی تفتیش ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) سجاد احمد صاحبزادہ کی براہ راست نگرانی میں کی گئی۔ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو دبوچ لیا، جن کی شناخت نعیم اللہ اور رمضان کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ابتدائی تفتیش کے دوران گرفتار ملزمان نے مقتول بچے کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے ان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ ایس پی انویسٹی گیشن شیر حسن کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر قتل میں استعمال ہونے والے آلے کی برآمدگی کے لیے مزید چھاپے مارے جا رہے ہیں اور کیس کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔