سندھ ہائیکورٹ نے بینک قرض کی عدم ادائیگی پر نیلام جائیداد کی واپسی کی درخواست مسترد کردی

اہم فیصلہ، بینکنگ کورٹ کا حکم برقرار، نیلامی کو قانونی قرار دے دیا

November 14, 2026 · قومی
سندھ ہائیکورٹ نے بینک قرض کی عدم ادائیگی پر نیلام جائیداد کی واپسی کی درخواست مسترد کردی

سندھ ہائیکورٹ نے بینک قرض کی عدم ادائیگی پر نیلام جائیداد کی واپسی کی درخواست مسترد کردی

سندھ ہائیکورٹ نے بینک قرض کی عدم ادائیگی پر نیلام کی گئی جائیداد کو واپس کرنے کی اپیل مسترد کرتے ہوئے بینکنگ کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے اور نیلامی کو قانونی قرار دے دیا ہے۔ جسٹس امجد علی سہتو نے فیصلے میں واضح کیا کہ نیلامی کے خلاف درخواست مقررہ 30 روزہ قانونی مدت گزرنے کے بعد دائر کی گئی تھی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ نیلامی کی توثیق اور سیل سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد محض قرض کی ادائیگی کی بنیاد پر جائیداد واپس نہیں کی جا سکتی۔ عدالت کا یہ بھی کہنا تھا کہ صرف ایک بولی دہندہ کی موجودگی نیلامی میں دھوکا دہی ثابت کرنے کے لیے کافی نہیں ہے، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے جائیداد کی مالیت سے متعلق کوئی مستند ویلیوایشن رپورٹ بھی عدالت میں پیش نہیں کی گئی۔

عدالت نے متعلقہ بینک کو ہدایت کی ہے کہ تمام وصول شدہ رقوم کا حساب ڈگری کے عمل درآمد کے ریکارڈ میں شامل کیا جائے۔ عدالت نے مزید کہا کہ بینک اور قرض دار کے درمیان کسی بھی قسم کا تصفیہ نیلامی کے خریدار کے قانونی حقوق کو متاثر نہیں کر سکتا۔