سوشل میڈیا سنسنی ڈی ایچ اے والی میڈ نے بڑی کامیابی حاصل کر لی
اہم سنگ میل، معروف مٹھائی برانڈ کے اشتہار میں جلوہ گر، مداحوں کی جانب سے مبارکباد کا سلسلہ۔
سوشل میڈیا سنسنی ڈی ایچ اے والی میڈ نے بڑی کامیابی حاصل کر لی
سوشل میڈیا پر ’ڈی ایچ اے والی میڈ‘ کے نام سے شہرت حاصل کرنے والی مقبول پاکستانی ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر نے کامیابی کا ایک اور بڑا سنگ میل طے کر لیا ہے۔ انہیں پہلی بار ایک معروف مٹھائی کے برانڈ کے اشتہار میں دیکھا گیا ہے جس کے بعد ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
دستیاب اطلاعات کے مطابق گھریلو ملازمہ کی روزمرہ زندگی، کام کاج اور خاندانی مصروفیات پر مزاحیہ و منفرد ویڈیوز بنانے والی اس انفلوئنسر نے اپنے انوکھے انداز سے کم وقت میں سوشل میڈیا پر زبردست مقبولیت حاصل کی ہے۔ اب وہ ایک معروف مٹھائی کے برانڈ کے اشتہار میں نظر آرہی ہیں، جس میں مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسر امتُل بھی ان کے ساتھ موجود ہیں۔
اشتہار کی جھلکیاں سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے ڈی ایچ اے والی میڈ کی اس کامیابی پر بھرپور خوشی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ متعدد مداحوں نے انہیں مبارکباد پیش کی ہے اور مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کامیابیوں کے لیے دعائیں کی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ’پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز‘ میں بھی ڈی ایچ اے والی میڈ نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے معروف یوٹیوبر اقرا کنول کو پیچھے چھوڑ کر ایک اہم اعزاز اپنے نام کیا تھا، جس نے ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا۔