خلیج تعاون کونسل کا ایران کو حملوں کا ذمہ دار قرار دینے کا مطالبہ

سلامتی کونسل سے خطاب، جامع معاہدے کا مطالبہ، ایران کا تردیدی بیان۔

November 14, 2026 · بام دنیا
خلیج تعاون کونسل کا ایران کو حملوں کا ذمہ دار قرار دینے کا مطالبہ

خلیج تعاون کونسل کا ایران کو حملوں کا ذمہ دار قرار دینے کا مطالبہ

خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکرٹری جنرل جاسم البدیوی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو خلیجی ممالک پر حملوں اور ان کے تمام نتائج کا براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔ ان کے مطابق ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر ہزاروں میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے ہیں، جن میں ائیرپورٹ، بندرگاہیں، تیل و گیس کے مراکز، بجلی گھر اور اہم رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

جاسم البدیوی کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کسی بھی تنازع یا جنگ کا حصہ نہیں تھے اور انہوں نے ہمیشہ خطے میں کشیدگی روکنے کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تہران کے ساتھ مستقبل میں کسی بھی قسم کے معاہدے میں ایران کے نیوکلئیر پروگرام، میزائلوں، ڈرونز اور مسلح گروہوں کی حمایت جیسے اہم اور حساس معاملات کو لازمی طور پر شامل کیا جانا چاہیے۔

دوسری جانب، اقوام متحدہ میں ایران کے نائب سفیر غلام حسین نے ان تمام الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ خلیجی ممالک نے ایران پر ہونے والے امریکی حملوں میں واشنگٹن کی مدد کی ہے۔ ایرانی نمائندے کا کہنا تھا کہ امریکا کی براہ راست مدد کرنے پر خلیجی ممالک کو بھی اس کے جواب میں خود جواب دہ ہونا چاہیے۔