ستھرا پنجاب پروگرام میں چار ڈویژنز کی صفائی کمپنیوں کے کنٹریکٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ

ملازمین کی تنخواہوں میں تاخیر اور ناقص صفائی انتظامات پر اتھارٹی خود آپریشن سنبھالے گی

November 14, 2026 · قومی

ستھرا پنجاب پروگرام میں چار ڈویژنز کی صفائی کمپنیوں کے کنٹریکٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ

لاہور: ستھرا پنجاب پروگرام میں ناقص کارکردگی اور صفائی کے انتظامات میں غفلت پر چار ڈویژنز کی صفائی کمپنیوں کے کنٹریکٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ملتان ڈویژنز کی متاثرہ تحصیلوں میں صفائی کمپنیوں کے کنٹریکٹ ختم کیے جائیں گے، جبکہ ان علاقوں میں ستھرا پنجاب اتھارٹی خود صفائی آپریشن کی ذمہ داری سنبھالے گی۔

ذرائع کے مطابق صفائی کمپنیوں کی جانب سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اور صفائی کے ناقص انتظامات کنٹریکٹ منسوخ کرنے کی بنیادی وجوہات ہیں۔

چاروں ڈویژنز کی کارکردگی سے متعلق سورس رپورٹ میں بھی تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منسوخ کیے جانے والے کنٹریکٹ دوبارہ کسی دوسری کمپنی کو نہیں دیے جائیں گے اور متعلقہ علاقوں میں ستھرا پنجاب اتھارٹی فوری طور پر اپنا صفائی آپریشن شروع کرے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ستھرا پنجاب اتھارٹی ناقص کارکردگی کی بنیاد پر 29 تحصیلوں میں صفائی کمپنیوں کے کنٹریکٹ منسوخ کرچکی ہے۔