پانچ اگست عوامی لیگ کو شکست دے دی تھی،اب مقابلہ بھارتی بالادستی کے خلاف ہے،ناہد اسلام
ملک میں ہونے والے واقعات بھارت سے منظم کیے جا رہے ہیں اور بھارت عالمی سطح پر بنگلہ دیش کے خلاف پروپیگنڈا پھیلا رہا ہے۔
پانچ اگست عوامی لیگ کو شکست دے دی تھی،اب مقابلہ بھارتی بالادستی کے خلاف ہے،ناہد اسلام
بنگلہ دیش کی نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) کے کنوینر اور اپوزیشن چیف وہپ ناہد اسلام نے بھارت پر بنگلہ دیش کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور دنیا بھر میں ملک کے خلاف گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
پیر کے روز سیکریٹریٹ میں وزیراعظم طارق رحمان اور این سی پی کے وفد کے درمیان ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ناہد اسلام نے کہا کہ اب عوامی لیگ کے ساتھ کوئی لڑائی نہیں، پانچ اگست کو عوامی لیگ کو شکست دے دی تھی، اب مقابلہ بھارتی بالادستی کے خلاف ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں پر تشدد کے زیادہ تر واقعات عوامی لیگ کے دور حکومت میں پیش آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہونے والے واقعات بھارت سے منظم کیے جا رہے ہیں اور بھارت عالمی سطح پر بنگلہ دیش کے خلاف پروپیگنڈا پھیلا رہا ہے۔
ناہد اسلام نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ اصلاحات، انصاف اور قومی خودمختاری کو ترجیح دی جائے۔ انہوں نے یک جماعتی آئینی ترمیمی کمیٹی ختم کرنے اور جولائی چارٹر پر ریفرنڈم کے فیصلے کے مطابق عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کمیٹی عوامی فیصلے پر عمل درآمد کی راہ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کا اعتماد بحال ہو اور ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ مل سکے۔
این سی پی وفد نے بھارت کے ساتھ دریائے گنگا کے پانی کی تقسیم کے معاہدے کا معاملہ بھی اٹھایا، جو 12 دسمبر کو ختم ہونے جا رہا ہے۔ ناہد اسلام نے حکومت پر زور دیا کہ مذاکرات میں بنگلہ دیش کے جائز آبی حصے کے حصول کے لیے مضبوط مؤقف اختیار کیا جائے۔
انہوں نے انقلاب منچا کے ترجمان عثمان ہادی کے قتل کے مقدمے میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے ملزمان کو بنگلہ دیش واپس لانے اور عدالتی فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنانے پر زور دیا۔ وفد نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی واپسی اور ان کے خلاف عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کا مطالبہ بھی کیا۔
این سی پی نے جولائی تحریک میں حصہ لینے والوں کی سکیورٹی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ان کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس کے علاوہ تحریک کے دوران ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور زخمیوں کی بحالی کے لیے بھی مناسب اقدامات پر زور دیا۔
ذرائع کے مطابق ناہد اسلام نے وزیراعظم کو بتایا کہ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے بعض رہنما مختلف طریقوں سے عوامی لیگ کی مدد کر رہے ہیں۔ اس پر طارق رحمان نے معاملے کا جائزہ لینے اور ایسے واقعات کی روک تھام کی یقین دہانی کرائی۔
ناہد اسلام نے میڈیا کے بعض اداروں کی جانب سے جولائی تحریک کو نظر انداز کرنے پر بھی تشویش ظاہر کی، جس پر وزیراعظم نے معاملے پر غور کرنے کا کہا۔
صحافیوں سے گفتگو میں ناہد اسلام کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی اور امن و امان کی خراب صورتحال اچانک پیدا نہیں ہوئی بلکہ گزشتہ کئی ماہ سے حالات مسلسل بگڑ رہے ہیں۔
ان کے مطابق انتخابات کے بعد سات سے آٹھ ماہ کے دوران انصاف کے معاملے پر سمجھوتے کیے گئے، عوامی لیگ کے خلاف واضح مؤقف اختیار نہیں کیا گیا اور بھارت کے ساتھ سفارتی معاملات بھی مناسب انداز میں نہیں نمٹائے گئے، جس کے نتیجے میں موجودہ صورتحال پیدا ہوئی۔
انہوں نے تمام جمہوری سیاسی قوتوں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی بالادستی اور بنگلہ دیش کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔
ناہد اسلام کی قیادت میں چار رکنی وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وفد میں پارٹی کے رکن سیکریٹری اختر حسین، سینئر جوائنٹ کنوینر حسنت عبداللہ اور جوائنٹ ممبر سیکریٹری اکرم حسین بھی شامل تھے۔
ملاقات دوپہر ایک بجے شروع ہوئی اور تقریباً تین بجے تک جاری رہی۔ یہ وزیراعظم طارق رحمان کی قومی اتحاد کی کوششوں کا حصہ تھی، جنہوں نے 18 نومبر کو پارلیمنٹ میں اپنے خطاب کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تخریب کاری کے واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں سے اتحاد کی اپیل کی تھی۔
اسی روز وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر اور جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمٰن سے بھی انفرادی ملاقات کی تھی۔ جولائی تحریک میں شریک اپوزیشن جماعتوں اور سیاسی گروہوں نے وزیراعظم کی اتحاد کی اپیل کا مثبت جواب دیا ہے اور حکومت کی جانب سے دیگر سیاسی جماعتوں سے مرحلہ وار مذاکرات متوقع ہیں۔