پی ٹی آئی کا اپوزیشن اتحاد کو وسعت دینے کا فیصل

اہم پیش رفت، بانی پی ٹی آئی کی مولانا فضل الرحمان سے رابطے کی ہدایت، عدالت سے رجوع

November 24, 2026 · قومی
پی ٹی آئی کا اپوزیشن اتحاد کو وسعت دینے کا فیصل

پی ٹی آئی کا اپوزیشن اتحاد کو وسعت دینے کا فیصل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی کور کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کو جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کرکے اپوزیشن اتحاد کو وسعت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق مرکزی کور کمیٹی نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس اور دیگر ججوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی طرف سے ان کی صحت اور قید کے دوران طبی علاج سے متعلق خط میں اٹھائے گئے خدشات کا فوری نوٹس لیں اور انہیں فوری طور پر شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کے احکامات جاری کریں۔

اعلامیے میں اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا کہ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے خدشات بڑھ رہے ہیں، اور عدالت عظمیٰ کے 18 اگست کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جائے۔ پارٹی قیادت نے مؤقف اختیار کیا کہ طبی معائنے اور علاج معالجے کے لیے ان کے معالجین تک رسائی کو یقینی بنایا جائے، کیونکہ مزید تاخیر کسی بھی طور قابل قبول نہیں ہے۔

ادھر، اپوزیشن رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس نے بھی بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی جان و صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس صاحبان کو خط لکھ دیا ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اگر ریاست کی تحویل میں عمران خان یا بشریٰ بی بی کو کوئی نقصان پہنچتا ہے تو اس کی تمام تر ذمہ داری ریاست پر عائد ہوگی۔

دوسری جانب، بانی پی ٹی آئی کے معالج ڈاکٹر سلطان نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر طبی امداد میں تاخیر کی گئی تو عمران خان کو دل کے مستقل نوعیت کے امراض لاحق ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلڈ پریشر کی بلند سطح کو فوری طور پر قابو میں لانا ناگزیر ہے تاکہ اہم اعضاء کو مزید نقصان سے بچایا جا سکے۔