فیک نیوز گولی کی مانند ہے، جو ایک بار چل جائے تو واپس نہیں آتی، وزیر قانون
سوشل میڈیا کے چیلنجز، قانون سازی ناگزیر ہے، آزادی اظہار کا توازن ضروری ہے
فیک نیوز گولی کی مانند ہے، جو ایک بار چل جائے تو واپس نہیں آتی، وزیر قانون
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ فیک نیوز ایک گولی کی مانند ہے جو ایک مرتبہ چل جائے تو واپس نہیں آتی اور اس سے کسی بھی فرد کی عزت، وقار اور ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ ادارے برائے پائیدار ترقیاتی پالیسی (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام منعقدہ ایک بین الاقوامی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ دور میں قانون سازی، ضوابط اور پالیسیوں کے ذریعے سوشل میڈیا کے چیلنجز سے نمٹنا آسان نہیں ہے بلکہ اس کے لیے انتہائی محتاط اور نپے تلے انداز میں اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جن کے ساتھ نئے چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں۔ دانستہ یا نادانستہ غلط اور جھوٹی معلومات کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے قانون سازی اور مؤثر ریگولیشن کے ساتھ ساتھ اجتماعی رویوں میں تبدیلی بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی کی عزت اور وقار کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، اور آزادی اظہار اور دوسروں کے بنیادی حقوق کے درمیان توازن برقرار رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آئین کے آرٹیکل 4 اور 19 میں بیان کردہ حقوق پاکستان کی سرزمین پر موجود ہر شخص کو حاصل ہیں، جبکہ آئین ہر فرد کے وقار اور نجی زندگی کے احترام کا بھی تقاضا کرتا ہے۔
اعظم نذیر تارڑ نے مزید کہا کہ ماضی میں معلومات کی اشاعت کے مختلف مراحل پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس موجود تھے، تاہم سوشل میڈیا نے روایتی ضابطوں کو نئے چیلنج سے دوچار کر دیا ہے۔ صحافتی دنیا میں بریکنگ نیوز کی دوڑ کے پیش نظر خبر کی تصدیق اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ اپنے ذاتی تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ 2021 میں ان کے کاغذات نامزدگی کے حوالے سے یہ غلط خبر نشر کی گئی تھی کہ ان کے اثاثے 32 ارب روپے ہیں، تاہم اگلے روز اس خبر کی تردید و وضاحت جاری کی گئی۔ انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ یہ ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی بھی خبر کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی صداقت کی مکمل تصدیق ضرور کریں۔