حکومت بلوچستان کا انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی گرفتاری پر کروڑوں روپے انعام کا اعلان

اہم اقدام، سر کی قیمت مقرر، معلومات دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا

November 24, 2026 · قومی
حکومت بلوچستان کا انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی گرفتاری پر کروڑوں روپے انعام کا اعلان

حکومت بلوچستان کا انتہائی مطلوب دہشتگردوں کی گرفتاری پر کروڑوں روپے انعام کا اعلان

کوئٹہ میں حکومت بلوچستان نے امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے ایک انتہائی اہم اور بڑا فیصلہ کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے بارے میں مستند معلومات فراہم کرنے پر کروڑوں روپے کے نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔

صوبائی حکومت کے جاری کردہ اعلانات کے مطابق سنگین جرائم میں ملوث اور ریاست کو مطلوب انتہائی خطرناک دہشتگردوں کے سروں کی قیمتیں 5 سے 25 کروڑ روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔ حکومت بلوچستان کے معاون خصوصی برائے میڈیا امور بابر یوسفزئی نے اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کیا۔

میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ انتہائی مطلوب دہشتگرد رحمان گل کے بارے میں فرار یا موجودگی کی مصدقہ اطلاع دینے والے کے لیے 25 کروڑ روپے انعام رکھا گیا ہے۔ اسی طرح ایک اور انتہائی مطلوب دہشتگرد بشیر زیب کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کرنے والے کے لیے 25 کروڑ روپے کے بھاری انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق اس فہرست میں شامل دیگر نامزد اور انتہائی خطرناک دہشتگردوں کے بارے میں بھی مخبری کرنے یا پتا بتانے والوں کے لیے لاکھوں اور کروڑوں روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں۔ حکومت نے صوبے بھر کے عوام سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ قومی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تخریب کاروں اور دہشتگردوں کے حوالے سے کسی بھی قسم کی مصدقہ معلومات فوری طور پر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں یا سکیورٹی حکام کو فراہم کریں۔

حکام کا کہنا ہے کہ معلومات فراہم کرنے والے شہریوں کی شناخت کو مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا تاکہ انہیں کسی بھی قسم کے خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔ صوبائی حکومت کا یہ اقدام دہشتگردی کے نیٹ ورک کو کمزور کرنے اور مفرور عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔