اٹلی کے ماہرین کے وفد کا کراچی ماربل سٹی کا دورہ، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر غور

تکنیکی تعاون کو فروغ، مشترکہ تربیتی مرکز قائم ہوگا، برآمدات میں اضافہ ہوگا

November 24, 2026 · قومی
اٹلی کے ماہرین کے وفد کا کراچی ماربل سٹی کا دورہ، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر غور

اٹلی کے ماہرین کے وفد کا کراچی ماربل سٹی کا دورہ، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی پر غور

اٹلی کے ماہرین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے کراچی کے 300 ایکڑ پر محیط فلیگ شپ منصوبے ماربل سٹی کا دورہ کیا ہے، جہاں جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی اور ہنرمندی کے فروغ کےمواقع کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

محکمہ سرمایہ کاری سندھ کے مطابق، اطالوی وفد نے مجوزہ کامن فیسیلٹی اینڈ ٹریننگ سینٹر (CFTC) کا دورہ کیا اور ماربل پروسیسنگ صلاحیتوں، ویلیو ایڈیشن اور برآمدی مسابقت بڑھانے کے امور پر غور کیا۔ دورے کا بنیادی مقصد پاکستان کی ماربل اور قدرتی پتھر کی صنعت میں جدید اطالوی ٹیکنالوجی متعارف کرانا ہے۔

دستاویزات اور سرکاری ذرائع کے مطابق، یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) کے تحت سندھ اکنامک زونز مینجمنٹ کمپنی (SEZMC) کی زیر نگرانی آگے بڑھایا جا رہا ہے، جسے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت حاصل ہے۔

اطالوی وفد میں IS.I.M اٹلی کے صدر انجینئر پاؤلو مارونے، نائب صدر انجینئر کلاڈیا، اٹلی ٹریڈ ایجنسی پاکستان کے ڈاکٹر سالواتور پارانو اور انجینئر اے آر داؤدپوٹا شامل تھے۔ وفد کو منصوبے کی پیشرفت، انفراسٹرکچر اور مجوزہ سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔

پاکستانی سفیر علی جاوید نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اٹلی کی مہارت سے پاکستان کے ماربل، گرینائٹ، اونکس اور ٹراورٹائن کے ذخائر سے بہتر استفادہ ممکن ہو سکے گا۔ ماہرین کے اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان صنعتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔