وزیراعظم سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون کی یقین دہانی
صوبے میں پائیدار امن، ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی حکومت ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی
وزیراعظم سے گورنر خیبرپختونخوا کی ملاقات،دہشتگردی کے خاتمے کیلئے تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں صوبے کی امن و امان کی صورت حال اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہادر سکیورٹی فورسز اور خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عملدرآمد میں وفاقی حکومت مکمل تعاون جاری رکھے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صوبے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے وفاقی حکومت کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا اور ہدایت کی کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے صوبے میں صحت اور تعلیم سمیت سماجی ترقی کے اشاریوں میں بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سہولیات کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے۔
ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے گورنر اور خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل کی جانب سے جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔
ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔