محسن نقوی کا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے کالعدم بی ایل اے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

بی ایل اے عہدیدار چندہ جمع کرنے اور مؤقف پھیلانے کیلئے پلیٹ فارمز استعمال کر رہے ہیں، وزیر داخلہ

November 24, 2026 · قومی

محسن نقوی کا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے کالعدم بی ایل اے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے کالعدم تنظیم بی ایل اے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

اسلام آباد میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بی ایل اے کے کئی عہدیدار اب بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز استعمال کر رہے ہیں۔ یہ پلیٹ فارمز نہ صرف چندہ جمع کرنے بلکہ اپنا مؤقف پھیلانے کے لیے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب کسی تنظیم کو دہشت گرد اور کالعدم قرار دیا جا چکا ہے تو اسے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سرگرم رہنے کی اجازت کیوں دی جا رہی ہے؟ انہیں ان پلیٹ فارمز کو استعمال کرنے کی اجازت کون دے رہا ہے؟ کسی کو تو آگے آکر انہیں روکنا ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے یہی درخواست ہے کہ اگر آپ ایسا نہیں کر رہے تو پھر اس کا کیا مطلب لیا جائے؟

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ہماری چار ریڈ لائنز ہیں، جن میں دہشت گردی، نفرت انگیز تقاریر، انتشار پھیلانا اور بچوں کا استحصال شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اختلافی رائے کے مخالف نہیں، تاہم سوشل میڈیا پر ذمہ داری سے کام لینا ہوگا۔