ریاستی محاصرے میں ہوں، کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،مولانا فضل الرحمان
کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں، پاکستان سے وفاداریاں کسی شک و شبہے سے بالاتر ہیں۔
ریاستی محاصرے میں ہوں، کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے،مولانا فضل الرحمان
لاہور: جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ وہ اس وقت ریاستی محاصرے میں ہیں اور ان کے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلا سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پورا شہر لاہور ریاستی رکاوٹوں کی زد میں ہے، تمام راستے بند ہیں اور ایک مہذب شہری کو اہلِ دانش کے اجتماع میں شرکت سے روکا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم کبھی ہمیشہ قائم نہیں رہتا، تاہم تاریخ میں صبر ہمیشہ ایک مستقل حقیقت رہا ہے۔ ہم ملک میں امن کے داعی ہیں اور امن کے قیام کے لیے ہمیشہ اپنی جانوں کی قربانیاں دیتے آئے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہم کسی حکمران یا ریاستی ادارے سے وفاداری کا سرٹیفکیٹ لینے نہیں آئے۔ پاکستان سے ہماری وفاداریاں کسی شک و شبہے سے بالاتر ہیں، ان شاء اللہ ان کی سازشیں بے نقاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کا ہر کارکن استقامت کا پہاڑ بن چکا ہے اور ظلم کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں۔ ہم نے ملک سے محبت کی ہے، ملک کے وفادار رہے ہیں اور کسی طاقتور شخص کی غلامی قبول نہیں کی۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ 26 نومبر کو جمعیت علمائے اسلام سرگودھا میں ایک بڑے اجتماع کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ سرگودھا ڈویژن بھر میں ہمارے کارکنوں کو ریاستی جبر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقامی رہنماؤں کے کاروبار اور دکانیں بند کروائی جا رہی ہیں، جبکہ بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں کارکنوں کو گرفتار اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہر صورت سرگودھا کانفرنس منعقد کرنے کے لیے پُرعزم ہیں، اس اجتماع کو کامیاب بنائیں گے اور اپنی آزادی و خودمختاری کا مظاہرہ کریں گے۔