مریم نوازکا پنجاب میں مزید 5 ہزار گرین بسیں لانے کا اعلان

پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی میں نیا ہاسٹل تعمیر کرنے کی بھی منظوری ،’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کا دائرہ کار 5 لاکھ گھروں تک بڑھا دیا، وزیر اعلیٰ پنجاب

November 24, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو امت

فوٹو امت

راولپنڈی : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں مزید 5 ہزار گرین بسیں چلانے اور ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ پروگرام کا دائرہ کار 5 لاکھ گھروں تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے راولپنڈی کی پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی میں طلبہ کے لیے نیا ہاسٹل تعمیر کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔

بارانی یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ کی 12ویں تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ان کی حکومت کو اقتدار سنبھالے ایک ہزار دن مکمل ہو چکے ہیں اور اس عرصے میں صوبے کے ہر شہر میں یکساں ترقیاتی کام ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پنجاب بھر میں 1100 گرین بسیں چل رہی ہیں جبکہ راولپنڈی میں 80 گرین بسیں فعال کر دی گئی ہیں، جن میں خواتین، طلبہ اور بزرگوں کے لیے سفر مفت اور عام شہریوں کے لیے کرایہ 20 روپے مقرر ہے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’اپنی چھت، اپنا گھر‘ منصوبے کے تحت اب تک ڈھائی لاکھ گھر تعمیر ہو چکے ہیں جسے عمان سمیت عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کم آمدن والے خاندانوں کے بچوں کے لیے لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ کسی نعمت سے کم نہیں اور پنجاب واحد صوبہ ہے جو طلبہ کی محنت کا باقاعدہ اعتراف کر رہا ہے۔

صوبے میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دو لاکھ افراد پر مشتمل فورس صفائی کے فرائض سرانجام دے رہی ہے جس کی تقلید آزاد جموں و کشمیر اور خیبر پختونخوا میں بھی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ اگلے مرحلے میں ہزاروں ٹن کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے پاور پلانٹس لگائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ صوبے میں 50 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و مرمت مکمل کی گئی ہے اور سیوریج و ڈرینج کے نظام پر 500 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

شعبہ صحت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرکاری اسپتالوں میں ادویات اور علاج مکمل طور پر مفت فراہم کیے جا رہے ہیں۔ کلینک آن ویلز کے ذریعے چار کروڑ افراد کو طبی سہولیات دی گئیں، 18 ہزار بچوں کی کامیاب ہارٹ سرجری مکمل کی گئی جبکہ فالج کے مریضوں کو چار لاکھ روپے مالیت کا انجکشن مفت لگایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور اور ملتان کے بعد آئندہ 18 ماہ میں راولپنڈی سمیت تمام ڈویژنز میں کینسر ٹریٹمنٹ یونٹس قائم کر دیے جائیں گے۔

خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ اپنے والدین کی محنت کی قدر کریں، گالم گلوچ سے اجتناب کریں اور ملک کی ترقی و سربلندی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔