پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز پر بھارت میں پابندی کا مطالبہ

ایسوسی ایشن نے مودی کو خط لکھ دیا، ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘پر غیر معمولی جوش و خروش

November 25, 2026 · کائنات کے رنگ
پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز پر بھارت میں پابندی کا مطالبہ

پاکستان کی پہلی نیٹ فلیکس سیریز پر بھارت میں پابندی کا مطالبہ

بھارت میں پاکستانی فنکاروں کی پہلی نیٹ فلکس اوریجنل سیریز ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ کی ریلیز روکنے کا مطالبہ سامنے آ گیا ہے، جس کے باعث سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ آل انڈیا سنے ورکرز ایسوسی ایشن (AICWA) نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو باضابطہ خط لکھ کر 4 دسمبر کو نیٹ فلکس انڈیا پر اس سیریز کی نمائش پر فوری پابندی عائد کرنے کی اپیل کی ہے۔

ایسوسی ایشن نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ نیٹ فلکس سمیت بھارت میں کام کرنے والے تمام او ٹی ٹی (OTT) پلیٹ فارمز پر پاکستانی مواد کی نمائش روکنے کے لیے مستقل قانون سازی کی جائے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والے پلیٹ فارمز کے لیے سخت سزائیں مقرر کی جائیں۔ تنظیم نے اس مطالبے کے حق میں 8 مئی 2025 کو بھارتی وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے جاری کردہ ان ہدایات کا بھی حوالہ دیا ہے، جن میں سٹریمنگ پلیٹ فارمز کو پاکستانی مواد نشر نہ کرنے کی تاکید کی گئی تھی۔

دوسری جانب، پاکستانی شائقین میں اس میگا پراجیکٹ کے حوالے سے غیر معمولی جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ’’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘‘ نیٹ فلکس کی تاریخ کی پہلی پاکستانی اوریجنل سیریز ہے، جو معروف مصنفہ فرحت اشتیاق کے اسی نام کے مقبول ناول پر مبنی ہے۔ مومنہ درید فلمز کے بینر تلے تیار کی جانے والی اس سیریز کی کہانی تین نسلوں اور محبت کی چھ مختلف داستانوں کے گرد گھومتی ہے۔

اس سیریز کی خاص بات اس کی غیر معمولی اور ستاروں سے سجی کاسٹ ہے، جس میں پاکستان کے صفِ اول کے اداکار ایک ساتھ جلوہ گر ہو رہے ہیں۔ کاسٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، ہانیہ عامر، صنم سعید، احد رضا میر، حمزہ علی عباسی، اقرا عزیز، بلال اشرف، خوشحال خان، مایا علی، نادیہ جمیل، عمیر رانا اور ثمینہ احمد جیسے نامور فنکار شامل ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر 2016 سے غیر اعلانیہ پابندی عائد ہے، تاہم ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر پاکستانی ڈراموں اور فنکاروں کی مقبولیت بدستور برقرار ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ 4 دسمبر کو شیڈول اس عالمی ریلیز کے حوالے سے بھارتی حکومت اور نیٹ فلکس انتظامیہ کیا لائحہ عمل اختیار کرتے ہیں۔