ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی

معاشی اصلاحات کا فروغ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو تقویت، نجی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا

November 25, 2026 · قومی
ایشیائی ترقیاتی بینک اور حکومتِ پاکستان کے مابین معاشی تعاون کا معاہدہ طے پایا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک اور حکومتِ پاکستان کے مابین معاشی تعاون کا معاہدہ طے پایا۔

 

ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے 25 کروڑ ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کی منظوری دے دی ہے۔

اس مالی معاونت کا مقصد پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے نظام کو مضبوط بنانا اور قابلِ عمل پائیدار منصوبوں کی تیاری میں معاونت فراہم کرنا ہے، جس سے ملکی اقتصادی ترقی اور نجی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

بینک کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس فنڈنگ کے تحت حکومت کو معیاری اور کم لاگت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تیاری، ان کی جانچ پڑتال کے عمل میں بہتری اور مالیاتی خطرات کے مؤثر انتظام میں مدد دی جائے گی۔ پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا ہے کہ منصوبوں کی جامع جانچ پڑتال اور شفاف معلومات کی فراہمی پاکستان کے پی پی پی منصوبوں کو پائیدار بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔

دستاویزات کے مطابق یہ پروگرام 2024 میں منظور کیے گئے پہلے مرحلے کا تسلسل ہے، جس کے تحت وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے امور کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لایا گیا ہے۔ حکومت نے 4 وفاقی وزارتوں اور اداروں میں خصوصی پی پی پی یونٹس قائم کیے ہیں جبکہ مالیاتی واجبات کی نگرانی کے لیے قومی فریم ورک کی معاونت بھی کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں، 2026 سے 2030 تک کے لیے درمیانی مدت کے پی پی پی منصوبوں کی فہرست کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

قرض کے اس پیکج میں تکنیکی معاونت بھی شامل ہے جس کے تحت اے ڈی بی کے ٹیکنیکل اسسٹنس اسپیشل فنڈ سے 11 لاکھ ڈالر اور ایشیا پیسیفک پراجیکٹ پریپریشن فیسلٹی سے 9 لاکھ 50 ہزار ڈالر فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وفاقی سطح پر ادارہ جاتی استعداد کار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔