190 ملین پاؤنڈ کیس لائیو اسٹریمنگ کی درخواست مسترد۔بشریٰ بی بی کی ضمانت میں توسیع
اہم فیصلہ، اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم، سماعت 9 دسمبر تک ملتوی
اسلام آباد ہائیکورٹ اور انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر کا منظر جہاں قانونی کارروائی جاری رہی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں کی لائیو اسٹریمنگ کی درخواست مسترد کردی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ یہ معاملہ ایڈمنسٹریشن کمیٹی میں زیر غور ہے اور اس حوالے سے تاحال رولز فریم ہونا باقی ہیں۔ سماعت کے دوران بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی جانب سے رولز بننے تک اپیلوں کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالت میں کیا ہونا چاہیے اور کیا نہیں، یہ طے کرنا عدالت کا اختیار ہے جبکہ سماعت پہلے ہی اوپن کورٹ میں جاری ہے۔
عدالت میں دلائل دیتے ہوئے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اس مقدمے میں شہزاد اکبر، فرحت شہزادی اور ذلفی بخاری سمیت 6 ملزمان غیر حاضر رہے جبکہ عدالت نے صرف 2 ملزمان کی حد تک کیس کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ متنازع رقم قومی خزانے میں جمع ہونے کے بجائے 4 سال تک سپریم کورٹ کے پاس رہی اور سرمایہ کاری کے باعث وہ رقم دوگنی ہو چکی ہے، لہٰذا یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ قومی خزانے کو نقصان کہاں پہنچا ہے۔ وکیل صفدر نے مزید کہا کہ نیب کا روایتی مقدمہ یہ ہوتا ہے کہ ملک سے پیسہ باہر گیا ہے جبکہ اس کیس میں تو رقم ملک کے اندر آ رہی تھی۔
دوسری جانب، انسداد دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق درج 29 مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر بھی سماعت ہوئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کی، جس دوران بشریٰ بی بی کی قانونی ٹیم اور پراسیکیوشن کے ارکان کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل محمد فیصل ملک نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی موکلہ کو تمام 29 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور وکلا کی موجودگی میں شامل تفتیش کرنے کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے مقدمات کی مزید سماعت 9 دسمبر تک ملتوی کر دی ہے۔