وزیراعلیٰ پنجاب کا ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں کینسر اسپتال بنانے کا اعلان
مریم نواز کا صحت اور خواتین کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری رکھنے کا عزم، میرٹ اور مفت علاج کی فراہمی پر زور
وزیراعلیٰ پنجاب کا ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں کینسر اسپتال بنانے کا اعلان
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں کینسر اسپتالوں کی تعمیر کا اعلان کردیا۔
لاہور میں یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں بلا تفریق شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات کیے اور میرٹ کو فروغ دیا۔ گزشتہ سال 10 کروڑ افراد نے سرکاری اسپتالوں سے مفت علاج کروایا۔ ڈاکٹرز کو جتنی تنخواہ دی جائے کم ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ وزیر صحت گواہی دیں گے کہ آج تک کسی کو ڈاکٹر بھرتی کرنے کے لیے سفارش نہیں کی۔ ان کے مطابق ان کی کوشش ہے کہ لوگوں کو بغیر کسی سفارش کے ملازمت ملے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے خواتین کے تحفظ کو ایک بار پھر اپنی ریڈ لائن قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کرنے والوں کو نہیں بخشتی۔ انہوں نے بتایا کہ ایسا نظام بنا دیا ہے جس کے تحت خواتین کے لیے ہراسانی کے خلاف شکایت درج کروانا آسان ہوگا۔