رحیم یارخان میں رخصتی کے دوران بیچ سڑک پر بہانے سے گاڑی رکواکردلھن فرار۔وڈیو وائرل

دلہا اور باراتی شاہراہ پر تلاش کرتے رہے

November 25, 2026 · امت خاص
تصویر: وڈیو گریب

تصویر: وڈیو گریب

رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں رخصتی کے بعد دلہن کے مبینہ طور پر اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات کے مطابق بارات صادق آباد کی جانب رواں دواں تھی کہ راستے میں دلہن نے ایک پیٹرول پمپ کے واش روم جانےکابہانہ کرکے گاڑی رکوائی۔ اسی دوران وہ مبینہ طور پر اپنے آشنا کے ساتھ فرار ہو گئی۔

مبینہ طور پر دلہن وہاں پہلے سے موجود ایک دوسری گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہوئی۔واقعے کی اصل وجوہات اور مکمل حقائق تاحال سامنے آنا باقی ہیں۔

واقعے کے بعد دلہا اور باراتی شاہراہ پر دلہن کی تلاش میں سرگرداں دکھائی دیے۔ اس موقع پر بنائی گئی ویڈیو وائرل ہو گئی جس پر صارفین کی جانب سے دلچسپ اور مختلف نوعیت کے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

بعض صارفین نے دلہے کے شیروانی کے ساتھ جوگرز پہننے کو طنز کا نشانہ بنایا کہ شیروانی کے نیچے جوگرز پہنے ہوئے ہیں اسی لئے بھاگی ہوگی ۔ کئی افراد نے دلہے سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

کچھ صارفین کا کہناہے کہ یہ ویوز کے چکر میں فیک کہانی لگ رہی اگر یہ حقیقی دلہا ہے تو اس کے آس پاس سے خواتین مرد بالکل اجنبی بن کر کیوں گزر رہے ہیں؟ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ حقیقی دلہا ہوتا تو براتی اسے یوں اگنور نہ کرتے بلکہ اس کے پاس کھڑے ہو کر افسوس کرتے۔