کراچی میں طالبہ سے مبینہ بدتمیزی، ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس اہلکار معطل
امتحانی مرکز کے باہر تلخ کلامی اور تھپڑ مارنے کی دھمکی، ایس ایس پی کیماڑی کا نوٹس
کراچی میں طالبہ سے مبینہ بدتمیزی، ویڈیو وائرل ہونے پر پولیس اہلکار معطل
کراچی: ڈسٹرکٹ کیماڑی میں امتحانی مرکز کے باہر پولیس اہلکار کی جانب سے طالبہ سے مبینہ بدتمیزی اور تلخ کلامی کا واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد ایس ایس پی کیماڑی نے نوٹس لے لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ پاک کالونی کے علاقے آصف آباد میں قائم گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج میں پیش آیا، جہاں نجی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات جاری تھے۔
امتحانی مرکز کے باہر تعینات پولیس اہلکار نے طالبہ کو بیگ اور دیگر سامان سمیت امتحانی مرکز میں داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کی۔ اس دوران بحث کے دوران اہلکار نے طالبہ کو تھپڑ مارنے کی دھمکی بھی دی۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تھانہ پاک کالونی میں تعینات کانسٹیبل احسن اشتیاق کو معطل کر دیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مکمل تحقیقات کے لیے انکوائری کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ کیماڑی پولیس دورانِ ڈیوٹی عوام، بالخصوص خواتین اور طالبات کے ساتھ شائستہ اور باوقار رویہ یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور اپنے اختیارات کا جائز اور قانونی استعمال کریں۔
ترجمان کے مطابق عوام کے ساتھ کسی بھی قسم کا نازیبا یا غیر مناسب رویہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔