رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ کا بھتیجا ریحان بھی پہاڑوں پر چلا گیا

لاہور میں زیرتعلیم ریحان چھٹیوں پر پنجگور آیا، والد کا تعلیمی اداروں میں ذہن سازی کا الزام

November 25, 2026 · قومی

رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ کا بھتیجا ریحان بھی پہاڑوں پر چلا گیا

کوئٹہ: رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ کے بھتیجے ریحان مالک بلوچ کے پہاڑوں پر جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ریحان کے والد کے مطابق ان کا بیٹا لاہور میں زیرِ تعلیم تھا اور چھٹیوں پر گھر آیا ہوا تھا، تاہم ایک روز اچانک غائب ہوگیا۔

والد کا کہنا ہے کہ معلومات حاصل کرنے پر پتا چلا کہ ریحان پہاڑوں پر جاچکا ہے۔ انہوں نے خاندان کے ذریعے بیٹے سے ملنے کی کوشش کی، لیکن انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

ریحان کے والد نے کہا کہ ایک باپ کی حیثیت سے اپنی اولاد کے لیے جو کچھ ممکن تھا، وہ کیا اور اسے ہر آسائش فراہم کی۔ کوئٹہ میں اچھی تعلیم دلوائی اور پھر لاہور بھیجا، لیکن وہاں اس کی ذہن سازی کی گئی۔

انہوں نے پنجگور کے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں اور بچیوں پر نظر رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا نافرمان بیٹا تو پہاڑوں پر چلا گیا، لیکن آپ اپنے بچوں کو بچائیں۔

ریحان مالک بلوچ کے والد کے مطابق لاہور میں دورانِ تعلیم ان کے بیٹے کا پہاڑوں کا رخ کرنا تعلیمی اداروں میں ہونے والی سرگرمیوں پر سوالات اٹھاتا ہے۔

اس سے قبل بھی ایک خوشحال گھرانے سے تعلق رکھنے والا طالب علم صفیان کرد پہاڑوں پر جانے کے بعد ہلاک ہوچکا ہے۔ فراہم کردہ معلومات کے مطابق صفیان بھی لاہور میں دورانِ تعلیم شدت پسند نظریات کا شکار بنا تھا۔