پمز اسپتال کا استعمال شدہ طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے فروخت کرنے کا انکشاف
تحقیقات میں کمپنی اور اسپتال کے بعض افسران و اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت بھی سامنے آگئی
پمز اسپتال کا استعمال شدہ طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے فروخت کرنے کا انکشاف
اسلام آباد: پمز اسپتال کا استعمال شدہ طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ایف آئی اے اسلام آباد زون نے تحقیقات کے بعد کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں چھاپہ مارا اور 4272 کلوگرام خطرناک طبی مواد برآمد کرکے موقع پر تلف کرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق تحقیقات میں سامنے آیا کہ پمز اسپتال کے طبی فضلے کو تلف کرنے کا ٹھیکہ ایک کمپنی کو دیا گیا تھا۔ کمپنی اس فضلے کو خود یا کسی تھرڈ پارٹی کے ذریعے انسینریٹ کرنے اور پمز اسپتال کو تلفی کے سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی پابند تھی۔
تاہم تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کمپنی اور پمز کے بعض افسران و اہلکاروں نے مبینہ ملی بھگت سے طبی فضلہ تلف کرنے کے بجائے لاہور کے 5 ٹی بند روڈ پر غیر قانونی طور پر فروخت کیا، جہاں اسے دوبارہ استعمال میں لایا جاتا رہا۔
ایف آئی اے اے سی سی کی ٹیم نے تحقیقات کے دوران لاہور کے 5 ٹی بند روڈ پر اس مقام کی نشاندہی کی جہاں استعمال شدہ طبی فضلہ فروخت کیا جا رہا تھا۔ چھاپے کے دوران ای پی اے کی ٹیم کو بھی موقع پر طلب کیا گیا، جس نے معائنے کے بعد تصدیق کی کہ طبی فضلہ غیر قانونی طور پر استعمال کیا جا رہا تھا اور اسے تلف کرنے کے بجائے دوبارہ استعمال میں لایا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران پمز اسپتال کی مہروں اور نشانات والا 4272 کلوگرام خطرناک طبی مواد برآمد ہوا، جسے ایف آئی اے کی ہدایت پر ای پی اے کے ذریعے موقع پر انسینریٹ کرا دیا گیا۔
تحقیقات کے دوران اس غیر قانونی فروخت سے مستفید ہونے والے افراد کے مالی ریکارڈ سے بھی طبی فضلے کی غیر قانونی خرید و فروخت کے شواہد حاصل کیے گئے۔
یہ کارروائی اس لیے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ استعمال شدہ طبی فضلے کی دوبارہ پروسیسنگ اور پلاسٹک مصنوعات میں استعمال سے ایچ آئی وی، ہیپاٹائٹس اور دیگر موذی امراض پھیلنے کا سنگین خطرہ تھا، جو عوامی صحت کے لیے ایک خاموش مگر مہلک خطرہ بن سکتا تھا۔
ملزمان کے خلاف دفعات 34، 109، 270 اور 409 تعزیرات پاکستان، بمع دفعہ 5(2) قانون انسداد رشوت ستانی 1947 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
مقدمے کی تحقیقات ایس آئی شہریار کر رہے ہیں، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔