انتخابی مخالفت کے بعد ٹرمپ کا نومنتخب مسلمان سینیٹر عبدل السید سے ملاقات کا اعلان
امریکی صدر نے ’ٹرمپ کیئر‘ تجویز کو سراہا، طبی سہولیات کے منصوبے پر بات چیت ہوگی
انتخابی مخالفت کے بعد ٹرمپ کا نومنتخب مسلمان سینیٹر عبدل السید سے ملاقات کا اعلان
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی مہم کے دوران سخت مخالفت کے بعد نومنتخب مسلمان سینیٹر عبدل السید سے ملاقات کا اعلان کردیا۔
امریکی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ ملاقات میں ڈیموکریٹ رہنما کے ’میڈی کیئر فار آل‘ منصوبے پر بات ہوگی، جسے عبدل السید نے ’ٹرمپ کیئر‘ کا نام دینے کی تجویز پیش کی ہے۔
ٹرمپ نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے عبدل السید کو ذہین قرار دیا اور کہا کہ دونوں اس معاملے پر کسی درمیانی راستے تک پہنچ سکتے ہیں۔
اس سے قبل عبدل السید نے انتخابی مہم کے دوران سب کے لیے یکساں طبی سہولیات کی فراہمی کو اپنا اہم انتخابی نکتہ بنایا تھا۔
رواں ماہ عبدل السید نے سوشل میڈیا پر سنہرے رنگ کا ’ٹرمپ کیئر‘ کارڈ شیئر کرتے ہوئے امریکی صدر سے مطالبہ کیا تھا کہ ہر امریکی کو پیدائش سے بڑھاپے تک طبی سہولیات کی ضمانت دی جائے۔ ٹرمپ نے بھی عبدل السید کی اس پوسٹ کو دوبارہ شیئر کیا تھا۔
واضح رہے کہ مڈٹرم انتخابی مہم کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ اور عبدل السید کے درمیان سخت سیاسی جملوں کا تبادلہ ہوا تھا، جبکہ امریکی صدر نے عبدل السید کو جہادی قرار دیا تھا۔