کراچی میں عمارت گرنے کے بعد ایس بی سی اے کا آپریشن، 12 عمارتیں سیل

کمشنر کراچی کی ہدایت پر ایس بی سی اے کی کارروائی، تعمیراتی نقشوں اور قانونی دستاویزات کی جانچ شروع

November 25, 2026 · قومی

کراچی میں عمارت گرنے کے بعد ایس بی سی اے کا آپریشن، 12 عمارتیں سیل

کراچی: بلوچ کالونی ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ غیر قانونی عمارت منہدم ہونے کے واقعے کے بعد کمشنر کراچی کی ہدایت پر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں زیر تعمیر 12 عمارتیں سیل کردیں۔

ذرائع کے مطابق سیل کی گئی عمارتوں کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے کہ آیا ان کی تعمیر منظور شدہ نقشوں اور بلڈنگ قوانین و ضوابط کے مطابق ہو رہی ہے یا نہیں۔ اس کے علاوہ عمارتوں کی تعمیر سے متعلق دستاویزات اور قانونی تقاضوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

سیل کی گئی عمارتوں میں ایڈمن سوسائٹی کے بلاک سات میں پلاٹ نمبر اے 458 اور اے 485/2، بلاک چار میں پلاٹ نمبر سی 220، سی 132 اور سی 209، بلاک آٹھ میں پلاٹ نمبر اے 161، اے 158 اور اے 344، بلاک پانچ میں پلاٹ نمبر بی 65 اور بی 40، جبکہ بلاک دو میں پلاٹ نمبر سی 29 اور بلاک پانچ میں پلاٹ نمبر سی 23 شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پلاٹ نمبر سی 220، سی 132 اور سی 209 پر گراؤنڈ پلس پانچ منزلہ عمارتیں تعمیر کی جا رہی تھیں، جبکہ پلاٹ نمبر سی 23 پر گراؤنڈ پلس چھ منزلہ عمارت تعمیر ہو رہی تھی۔ اسی طرح پلاٹ نمبر بی 65 پر چوتھی منزل کی تعمیر جاری تھی۔

واضح رہے کہ کراچی کی ایڈمن سوسائٹی میں بڑے پیمانے پر غیر قانونی تعمیرات کا سلسلہ جاری ہے، جس کے خلاف کارروائی کے لیے کمشنر کراچی کی ہدایت پر ایس بی سی اے نے اقدامات شروع کردیے ہیں۔