1971 کی جنگ میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد نہیں، پاکستان کو کمزور کرنا تھا، اسپیکر بنگلادیشی پارلیمنٹ

حافظ الدین احمد کے پاکستان دورے کے دوران حسینہ واجد، جمہوریت، کشمیر اور دوطرفہ تعلقات پر اہم گفتگو

November 25, 2026 · بام دنیا

1971 کی جنگ میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد نہیں بلکہ پاکستان کو کمزور کرنا تھا، اسپیکر بنگلادیشی پارلیمنٹ

اسلام آباد: بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر حافظ الدین احمد نے کہا ہے کہ 1971 کی جنگ میں بھارت کا مقصد بنگالیوں کی مدد کرنا نہیں پاکستان کو کمزور کرنا تھا۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ 15 سال کے دوران بنگلادیش ہمسایہ ملک کی کالونی بن چکا تھا اور اس صورتحال میں وہاں کے عوام مشکلات کا شکار رہے۔

انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد بنگلادیش واپس آئیں گی تو انہیں براہ راست جیل جانا پڑے گا۔ حسینہ واجد نے مسلم دشمن ملک میں پناہ لے رکھی ہے، اگر بھارت انہیں واپس نہیں کرتا تو بنگلادیش بین الاقوامی عدالت انصاف سے رجوع کرے گا۔

حافظ الدین احمد کا کہنا تھا کہ حسینہ واجد کی جانب سے وطن واپس آنے کا اعلان صرف اپنے کارکنوں کو بتانے کے لیے کیا جاتا ہے، وہ آئندہ 10 سال تک بنگلادیش واپس نہیں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ حسینہ واجد کی جماعت عوامی لیگ ایک دہشت گرد جماعت بن چکی ہے اور بنگلادیشی حکومت اس پر پابندی لگانے کے بارے میں سوچ رہی ہے۔ ہم بنگالی جمہوری لوگ ہیں اور کسی قسم کی آمریت برداشت نہیں کرتے، 1971 میں بھی ہم نے جمہوریت کا مطالبہ کیا تھا جو ہمیں نہیں دی گئی۔

بنگلادیشی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ بنگلادیش اور پاکستان میں پارلیمانی نظام ایک جیسا ہے، 1975 میں بنگلادیش میں یک جماعتی نظام متعارف کرایا گیا، بدقسمتی سے ہمیں خالص جمہوریت نہیں ملی، تاہم رواں سال فروری میں ہونے والے انتخابات شفاف تھے۔

مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہیے۔

حافظ الدین احمد نے مزید کہا کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوستی کا تعلق مزید گہرا ہوگا۔ بین الاقوامی پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے لیے بنگلادیشی امیدوار کی حمایت کرنے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔