ملک بھر میں شب برات مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مساجد اور قبرستانوں کی سیکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ اپنے پیاروں کی قبروں پرفاتحہ خوانی کیلئے بڑی تعداد میں لوگوں نے قبرستانوں کا رخ بھی کیا۔گزشتہ شب مسلمانوں نے اپنے خالق کائنات کے حضور سجدہ ریز ہو کر توبہ و استغفار، اعمال کی اصلاح، رزق حلال میں برکت، درازی عمر بالخیر، صحت و تندرستی سمیت مختلف دعائیں کیں۔ شب برات کے موقع پر مساجد، گھروں اور دیگر عبادت گاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، جبکہ ہر طرف نذر و نیاز کی کثرت تھی۔شب برات کے حوالے سے ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی گئی تھی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مساجد، امام بارگاہوں، قبرستانوں اور عبادات کی دیگر جگہوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیئے گئے تھے۔