سابق آسٹریلوی اوپنر اور کرکٹ کوچ جسٹن لینگر کو ڈیرن لیہمین کی جگہ آسٹریلیا کی قومی کرکٹ ٹیم کاہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ یادرہے کہ ڈیرن لیہمین گزشتہ دنوں جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوران آسٹریلوی کپتان ڈیوڈ اسمتھ ، نائب کپتان ڈیوڈ وارنر اور نوجوان کھلاڑی بینکرافٹ کی ملی بھگت سے کی جانے والی بال ٹیمپرنگ پکڑے جانے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے ۔ آسٹریلیا کی ٹیم کے نئے کوچ نے آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم میں نئی اور شائستہ روایات متعارف کرانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ 47سالہ جسٹن لینگرنے اپنی ذمہ داریاں سنبھالتے ہوئے کہا’’آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سے بہت بلند توقعات وابستہ کی جاتی ہیں۔ ہمیں یقینی بنانا ہوگا کہ ہمارے رویے عمدہ ہیں ، اگر ہم نے ایسا کرلیا تو میرا خیال ہے نتائج خود بخود ٹھیک ہوجائیں گے۔