پی ایس ایل 4 کی افتتاحی تقریب سمیت ابتدائی میچز پاکستان میںکرانے کی تجویز

پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے گذشتہ روز لاہور میں ایک اجلاس منعقد ہوا ، جس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر نائلہ بھٹی سمیت دیگر پی سی بی آفیشلز اور فرنچائزز کے نمائندے شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر شرکا کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل فور کی افتتاحی تقریب سمیت ابتدائی میچز پاکستان میں کرانے کی تجویز زیرغورہے،لاہور، کراچی اور راولپنڈی میزبانی کریں گے۔گزشتہ دونوں ایونٹس کے تجربات کو دیکھتے ہوئے فرنچائزز نے پی سی بی سے مطالبہ کیا کہ جو کھلاڑی پاکستان آنے کو تیار نہ ہوں انھیں ڈرافٹ میں شامل نہ کیا جائے، دورے پر آمادہ کرکٹرز کو بھی اضافی رقم نہ دی جائے بلکہ معاہدے میں شق شامل ہونی چاہیے کہ وہ پاکستان جائیں گے۔ اسی کے ساتھ ڈرافٹ رینڈم ہونے چاہئیں، پہلے سے باریاں طے کرنا مناسب نہیں ہے۔علاوہ ازیں شرکا نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو پی ایس ایل تھری کا ٹائٹل جیتنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔