سابق کپتان اور آل راؤنڈرشاہد آفریدی انٹر نیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب سماجی خدمات میں مصروف ہیں اور اپنی فاونڈیشن کے ذریعے پاکستان میں تعلیم اور صحت کیلئے کام کر رہے ہیں۔سابق امریکی وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن نے بھی آفریدی کی ان خدمات اور صلاحیتوں کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں ان کی خدمات کو سراہا اور آفریدی کے مقاصد میں کامیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس ویڈیو کو شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر شیئر کرتے ہوئے ہیلری کا شکریہ ادا کیا۔اس سے پہلے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کو سپورٹ کرتے ہوئے خیر سگالی کا پیغام دیا تھا۔واضح رہے کہ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو ’’کوہاٹ اسپتال‘‘ بنانے میں شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی معاونت کر رہے ہیں۔