موسم گرما کے آغاز پر کراچی میں دن تو دن رات میں بھی بجلی کی عدم فراہمی شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے تک پہنچ گیا۔کئی علاقوں میں رات گئے بجلی کی عدم فراہمی پرعلاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور کےالیکٹرک کوآڑے ہاتھوں لیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہردوگھنٹے بعد چار گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے اور شکایتی مرکز پر کوئی فون نہیں اٹھاتا۔شہرکے مختلف علاقوں میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی چار چار بار بجلی جارہی ہے۔دوسری جانب کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ بجلی کی کمی کے باعث لوڈشيڈنگ میں ایک سے 3 گھنٹے کا اضافہ کردیا گيا ہے جب کہ معمول کے مطابق لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ اضافی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔کے الیکٹرک کی ترجمان سعدیہ دادا کا کہنا تھا کہ بن قاسم پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث شہریوں کو عارضی اضافی لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بن قاسم پاور پلانٹ کی بحالی کا باقاعدہ کام ہوتا رہا ہے لیکن یونٹ میں حالیہ خرابی کے باعث 180 میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ 1.7 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری گزشتہ 7، 8 سال میں کی جا چکی ہے تاہم کوشش ہے کہ صارفین کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔