اقوام متحدہ کی قندوز میں مدرسے پر حملے میں 30 بچے جاں بحق ہونے کی تصدیق

اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 2 اپریل کو افغانستان کے شمالی شہر قندوز کے ضلع ارچی میں مذہبی نوعیت کی تقریب جاری تھی کہ افغان فضائیہ نے حملہ کردیا۔رپورٹ میں اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ افغان فضائیہ کے گن شپ ہیلی کاپٹروں کے حملے کے نتیجے میں 30 بچوں سمیت 36 افراد جاں بحق جبکہ 71 زخمی ہو گئے تھے۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے معاون مشن (یو این اے ایم اے) نے بتایا کہ ‘رپورٹ کے اہم نکات یہ ہیں کہ حکومت نے مذہبی تقریب کے دوران راکٹ اور خود کار ہتھیاروں سے گولیاں برسائیں جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں بچے جاں بحق ہوئے’۔اقوام متحدہ کے مطابق تفتیش کاروں نے 107 متاثرین کی تصدیق کی ہے تاہم آزاد ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات میں جاں بحق ہونے والے کی تعداد 200 سے زائد بتائی گئی ہے تاہم اس ضمن میں حمتی اعداد وشمار کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔رپورٹ میں اقوام متحدہ نے واقعے پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مزید تحقیقات کا مطالبہ کیا۔اس ضمن میں رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اقوام متحدہ تاحال اس نتیجے پر پہنچے سے قاصر ہے کہ مذکورہ حملہ عالمی قوانین کے منافی ہے۔