ایران سے جوہری معاہدہ ختم کرنے پرعالمی برادری تقسیم

واشنگٹن : امریکا کی جانب سے ایرانی جوہری معاہدے سے دستبرداری کے معاملے پر عالمی برادری تقسیم ہوگئی ہے ۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعلان کے بعد دنیا بھر سے فیصلے کی مخالفت اور حمایت دونوں کی جارہی ہے۔یورپی یونین میں شامل ممالک نے ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے کو افسوس ناک قرار دیا ہے جبکہ اسرائیل، سعودی عرب اور بحرین نے امریکی صدر کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ دوسری جانب ایران کے صدر حسن روحانی نے جوہری معاہدے سے دستبرداری کے امریکی اعلان پر کڑی تنفید کی ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر حسن روحانی نے ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں اعلان کیا کہ معاہدے کے تحت ایرانی مفادات کے تحفظ کی ضمانت کی صورت میں ایران معاہدے میں موجود رہے گا۔ امریکی صدر ہمیشہ سے بین الاقوامی تعلقات کو کمزور کرتے آئے ہیں ، ایرانی وزارت خارجہ معاہدے میں شامل دیگر ممالک کے ساتھ مذاکرات کا عمل جلد شروع کرے گی۔ادھر یورپی یونین کی سفارتکار فیڈریکا موغیرنی نے کہا ہے کہ یورپی ممالک ایران سے کئے گئے جوہری معاہدے کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہیں۔ جب تک ایران معاہدے کے تحت کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کرتا رہے گا اس وقت تک یورپی یونین بھی معاہدہ کے نفاذ کی پاسداری کرتی رہے گی۔ فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ فرانس، جرمنی اور برطانیہ کو امریکی اقدام پر افسوس ہے، جوہری عدم پھیلاؤ کا دور ختم ہونے کو ہے۔