ایران کیساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے سے عالمی منڈی میں تیل مہنگا

لندن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ منسوخ کرنے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمت میں 3 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔عالمی منڈی میں تیل کی قمیت ساڑھے تین برس میں بلند ترین سطح 76.75 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔ خلج کے اخبارات کی رپورٹس کے مطابق امریکی صدر نے دنیا میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کے خلاف بہت سخت پابندیاں لگانے کی دھکمی بھی دی ہے۔واضح رہے کہ چین ایرانی تیل کا سب سے بڑا خریدار ہے اور شنگائی مستقبل میں تیل کی فی بیرل قیمت میں مزید اضافے کو اپنے لئے خطرہ محسوس کررہا ہے۔خیال رہے کہ دو روز قبل ایران کے صدر حسن روحانی نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکا نے ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کیا تو عالمی طاقتوں سمیت امریکا کو اپنے فیصلے پر سخت پشیمانی ہوگی جس کی مثال ماضی میں نہیں ملے گی۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی فیصلے کے بعد مشرق وسطیٰ میں مزید تنازعات جنم لے سکتے ہیں اور ساتھ ہی عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کے بادل گہرے ہو گئے ہیں۔