میانمارروہنگیا مہاجرین کی ملک واپسی کی کوششوں میں تیزی لائے۔یواین او

نیویارک:سلامتی کونسل نے میانمار پر زور دیا ہے کہ وہ بنگلہ دیش میں مقیم روہنگیا مہاجرین کی ملک واپسی کی کوششوں میں تیزی لائے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایک بیان میں زور دیا کہ میانمار کی حکومت بنگلہ دیش میں مہاجر کیمپوں میں مقیم7 لاکھ روہنگیا مسلمانوں کی وطن واپسی کی کوششوں میں تیزی لائے۔ اس بیان میں کہا گیا کہ یہ عمل محفوظ اور بغیر کسی خطرے کے سرانجام دینے کی کوشش کی جانا چاہیے،سلامتی کونسل کے اس بیان سے البتہ وہ متن خارج کر دیا گیا جس میں روہنگیا مسلمانوں کی انسانی حقوق کی پامالیوں کا تذکرہ کیا گیا تھا۔ یہ بیان ایک ایسے وقت پر جاری کیا گیا جب سلامتی کونسل کے ممبران ممالک کے نمائندے میانمار اور بنگلہ دیش کے فیکٹ فائنڈگ دوروں سے واپس لوٹے ہیں۔سلامتی کونسل نے زمینی حقائق معلوم کرنے اور ان کا تجزیہ کرنے کی خاطر اپنی ایک ٹیم کو28 مارچ تا یکم مئی ان ممالک کے دوروں پر روانہ کیا تھا۔