مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ کے کیڈٹ کالج میں اساتذہ کی جانب سے طالب علموں پر تشدد اور مرغا بنا کر لاٹھی سے پٹائی کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صوبائی حکومت نے تحقیقاتی کمیٹی قائم کرکے 3 دن میں رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق مستونگ کے کیڈٹ کالج پیش آنے والے واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں اساتذہ طالب علموں کو مرغا بنا کر ان پر تشدد کررہا ہے۔ حکومت بلوچستان کے محکمہ کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، جو 3 دن میں تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ تحقیقاتی کمیٹی کے چیئرمین ایڈیشنل سیکریٹری کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن حیات کاکڑ ہوں گے جبکہ ڈپٹی کمشنر مستونگ اور سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) مستونگ بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔ نوٹیفیکشن کے مطابق رپورٹ کی روشنی میں ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی۔