پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں الوداعی ناشتہ دیا جس میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کے ارکان شریک نہ ہوئے۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور شیخ رشید بھی ناشتے میں شرکت نہیں کی ۔ مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی ف، ایم کیو ایم، پشتون خوا میپ کے ارکان تقریب میں شریک ہوئے۔ وزیراعظم نے ناشتے میں ارکان اسمبلی کی حلوہ پوری، چنے ،سفید چاول اور دال سے تواضع کی۔بعدازاں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجٹ منظوری سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں مرحوم ایم این اے رجب علی بلوچ کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور وزیر داخلہ احسن اقبال کی صحت یابی کے لئے دعا کی گئی۔ وزیراعظم نے ارکان اسمبلی کو بجٹ منظوری کیلئے ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔