بھارتی عدالت نے ہندوستانی سفارتکارکوپاکستانی جاسوسہ قراردیدیا

نئی دلی: بھارتی عدالت نے اپنے ملک کی سفارت کارمادھوری گپتا کو پاکستان کی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کو اہم معلومات فراہم کرنے کے مقدمے میں مجرم قراردے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستان میں تعینات بھارتی سفارت کارمادھوری گپتا کے خلاف اہم ملکی معلومات افشا کرنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے مادھوری گپتا کو آئین کے سیکشن 3 کی دفعہ ون سی اور سیکشن 5 کے تحت مجرم قراردے دیا۔ اس جرم میں زیادہ سے زیادہ سزا 3 سال قید ہے۔ عدالت ملزمہ کی سزا کی مدت سے متعلق اپنا فیصلہ جلد جاری کرے گی۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمہ کے ای میل سے حاصل ہونے والی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے کسی بہت خفیہ راز کو تو پڑوسی ملک کے خفیہ ادارے کے اہلکاروں کے سامنے افشا نہیں کیا البتہ یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ملزمہ نے اپنے فرائض میں کوتاہی برتی اور اہم معلومات دشمن ملک کو فراہم کیں جس سے بھارتی سفارت کاروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہو سکتا تھا۔ مادھوری گپتا کو پاکستان کے لئے جاسوسی کے الزام میں 2010 میں حراست میں لیا گیا تھا۔