اوکاڑہ:وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے کہا ہے کہ عمران خان نے5 سال میں خیبرپختونخوا کو تباہ کردیا ۔ وہ 100 دن کے پلان نہیں بلکہ 5سال کا حساب دیں۔ اوکاڑہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گالیاں دینے والے گالیاں دیتے رہیں ، ہم کام کرتے رہیں گے، دھرنے والوں نے اپنا وقت ضائع کیا ۔اچھے کام کی تعریف اورخراب کام پرپکڑہونا چاہیئے۔ نیازی صاحب اب نیا بہانہ ڈھونڈ رہے ہیں ،جھوٹ اورسچ میں تمیزہونی چاہیئے،اگران کا احتساب نہیں ہوگا توپاکستان اقبال اورقائد کا پاکستان نہیں بن سکتا، شہباز شریف نے شاعرانہ اندازمیں کہا ’’اچھی عزت ملتی ہے صرف کام سے ، کچھ نہیں ہوتا نیازی کے الزام سے‘‘ ۔ شہباز شریف نے آصف زرداری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی کرچی کرچی ہوگیا ، اس کا حساب ہونا چاہیئے، زرداری نے کئی سوارب ہڑپ کرلئے ،ان کا حساب ہو نا چاہیئے۔ شہبازشریف کا پارٹی چھوڑنے والوں کے بارے میں کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑنے والوں کیلئے دعا ہی کی جا سکتی ہے، اللہ انہیں عقل عطا کرے ان کیلئے اور کیا کہا جا سکتا ہے۔