سعودی حکومت کا رمضان میں سزائیںوجرمانے معاف کرنیکااعلان

جدہ:سعودی حکومت ماہِ رمضان میں قیدیوں کی سزائیں اور مختلف قوانین کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے جرمانے معاف کرتی ہے۔ سعودی گزٹ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال حکومت نے قیدیوں کی آدھی سزائیں اور تارکین وطن کے 5لاکھ ریال(تقریبا1کروڑ 54لاکھ روپے)کے جرمانے معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ گورنریٹس کے متعلقہ حکام، وزارت انصاف، پبلک پراسیکیوٹر آفس اور دیگر تمام متعلقہ ادارے ان لوگوں کی فہرستیں تیار کر رہے ہیں جن کی سزائیں اور جرمانے معاف کیے جائیں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ’’کئی طرح کے جرائم میں قید کی سزا پانے والے قیدیوں کی آدھی سزا معاف کی جائے گی۔ تاہم سنگین نوعیت کے جرائم میں قید افرادپر اس معافی کا اطلاق نہیں ہوگا۔اس کے علاوہ جو تارکین وطن اپنی سزا پوری کر چکے ہیں اور جرمانے کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ان کی رہائی نہیں ہو پا رہی، ان کو رہا کر دیا جائے گا۔ تاہم جن تارکین وطن کی جرمانے کی رقم 5لاکھ ریال سے زیادہ ہے اور وہ جرمانہ ادا نہ کرنے کا فیصلہ کر چکے ہیں ان کا معاملہ عدالت طے کرے گی اور ان کے جرمانے کو قید میں تبدیل کر دیا جائے گا اور پھر قید پوری ہونے کے بعد ان کو وطن بدر کر دیا جائے گا۔‘‘