واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن سے طے شدہ ملاقات منسوخ کردی۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے وہ خط جاری کیا گیا ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان کو لکھا۔خط کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ ان سے ملاقات یہ کہہ کر منسوخ کردی ہے کہ یہ ملاقات کے لیے مناسب وقت نہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اس بات کی تصدیق کی کہ شمالی کورین رہنما سے 12 جون کو شنگاپور میں جو ملاقات ہونی تھی اب وہ نہیں ہوگی۔وائٹ ہاؤس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ کسی اور وقت کم جانگ ان سے ملاقات کے لیے پرامید ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن امریکی ہم منصب سے ملاقات کے لیے واشنگٹن پہنچے تھے جہاں شمالی کوریا کے رہنما کم جانگ اُن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان متوقع ملاقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔دونوں ممالک کے صدور نے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر شمالی کوریا کے سربراہ سے ملاقات نہ ہوئی تو شاید بعد میں ہوگی۔