مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات اور نئے نقشے صرف ڈیمو گرافی تبدیلی کی سازش ہے۔فائل فوٹو
مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات اور نئے نقشے صرف ڈیمو گرافی تبدیلی کی سازش ہے۔فائل فوٹو

بھارتی جاسوس کلبھوشن بھارت کے حوالے قطعاً نہیں کیا جائیگا، دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو بھارت کے حوالے قطعاً نہیں کیا جائے گا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق مقدمے کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس میں جولائی میں جواب جمع کرایا جائے گا لیکن اسے بھارت کے حوالے قطعاً نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم شہریوں کو شہید کیا جا رہا ہے۔ شوپیاں میں قابض بھارتی فوج نے افطار کے بعد کشمیریوں پر فائر کئے، بھارت ناصرف انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے بلکہ لائن آف کنٹرول پر بھی تواتر کے ساتھ اشتعال انگیزی کررہا ہے۔ بھارت عالمی قوانین کی بھی پاسداری نہیں کررہا۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ کشن گنگا ڈیم کی تعمیرسندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور یہ خلاف ورزی بھارت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے۔ پاکستان نہیں چاہتا ہے کہ آبی تنازعات کسی خطرناک نہج تک پہنچ جائیں۔
پاکستان کی جانب سے اشتر اوصاف کی قیادت میں وفد نے کشن گنگا ہائیڈرو پاور پروجیکٹ، رتیلے اور بگہلیار ڈیم کے معاملات پر عالمی بنک کے سربراہ سے ملاقات کی تھی اور سندھ طاس معاہدے کے تناظر میں آبی تنازعات کو حل کرانے کی ضرورت پر زور دیا۔