نواز شریف کو ملک کو سیکولر بنانے کی کوشش پر نکالا گیا -حافظ سعید احمد

 

سرگودھا :جماعت الدعوة کے امیر مولانا حافظ سعید احمد نے کہا ہےکہ افغانستان میں شکست کے بعد ٹرمپ کی نئی افغان پالیسی در اصل پاکستان مخالف پالیسی ہے، امریکہ کہتا ہے کہ افغانستان میں شکست پاک فوج کی وجہ سے ہوئی ہے،حقیقیت میں پاکستانی قو م نے انہیں نکلنے پر مجبور کیا ہے، جس کے انتقام کےلئے امریکہ پاکستانی فوج کو کمزور کرنے اور پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کررہا ہے، لیکن امریکہ کو رسوائی کے سواکچھ نہیں ملے گا۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید احمد کا کہنا تھاکہ نواز شریف کو ملک کو سیکولر بنانے کی کوشش پر نکالا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران مودی ناراضگی مول نہیں لینا چاہتے ،کشمیر کی آزادی میں تاخیر کا سبب اسلام آباد کی غلام نوکر حکومت ہے،مودی نواز شریف سے محبت اور میری مخالفت کرتا ہے۔

حافظ سعید احمد نے کہا کہ نیا پاکستان مدینے والے قانون سے ہی بن سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں بھارتی آرمی کا مورال گر چکا ہے،بھارتی آرمی چیف نے اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی حکومت کو پاکستان سے مذاکرات کرنے کی تجویز دی ہے۔

حافظ سعیداحمد کا کہنا تھا کہ بھارت دریاوں پر ڈیمز بنا کر ہمارا پانی روک رہا ہے جبکہ حکمران دوستی کی پتنگیں بڑھا رہے ہیں، حکمران مودی کی ناراضگی نہیں چاہتے،

انہوں نے کہا کہ جلد دنیا سے طاغوتی قوتوں کا خاتمہ اور اسلام کا غلبہ ہو گا۔